لاہور؍ اسلام آباد(خصوصی نمائندہ؍ 92نیوز رپورٹ)وزیراعظم عمران خان پارٹی اوراتحادیوں کے خدشات دورکرنے کیلئے خودسرگرم ہوگئے ،آج اتحادیوں اورپارٹی ارکان کوپرتکلف عشائیہ دینگے ۔وفاقی حکومت نے بی این پی کومنانے کی کوششیں تیزکردیں۔بی این پی کے 6نکاتی ایجنڈے پرعملدرآمدشروع کردیا۔وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزارتوں میں 6فیصدکوٹے پرعملدرآمدکی ہدایت کردی۔بلوچستان نیشنل پارٹی نے وزیراعظم کے عشایئے میں شرکت سے انکارکردیا، اختر مینگل نے کہاہے کہ جب حکومت کا حصہ اور اتحادی ہی نہیں رہے تو پھر عشائیے میں شرکت کیوں کریں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس کی جانب سے اختر مینگل اور جہانزیب جمالدینی کو عشایئے میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی ۔بلوچستان عوامی پارٹی نے عشایئے میں شرکت اور بجٹ کی منظوری کیلئے حکومت کومکمل سپورٹ کرنے کافیصلہ کرلیا۔دریں اثناء وزیراعظم نے لسبیلہ سے آزادایم این اے اسلم بھوتانی کو بھی ملاقات کیلئے بلالیا ہے ، اسلم بھوتانی آج وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کریں گے ۔مزید برآں وزیراعظم نے پی ٹی آئی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری علی امتیاز وڑائچ کو فون کیا اور والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ علاوہ ازیں سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے بھی علی امتیاز وڑائچ سے ملاقات کرکے اظہارتعزیت کیا۔