اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،92نیوزرپورٹ ) وفاقی وزرا اور مختلف شخصیات نے کہا کہ وزیراعظم ایک مرتبہ پھر کشمیر کے سفیر اور عالم اسلام کے ترجمان بن کر ابھرے ہیں۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے وزیراعظم کے جنرل اسمبلی میں خطاب کے حوالے سے اپنے ردعمل میں کہا کہ انہوں نے ایک دفعہ پھرنہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کوبے نقاب کیا، بھارت کی طرف سے یکطرفہ فالس فلیگ آپریشن کے خدشات کاذکرکیا۔وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ایک دفعہ پھر دنیا کے سامنے دہشتگردمودی کو بے نقاب کیا ،مسلمانوں کی دل آزاری، کشمیریوں پر بھارتی مظالم پربات کی۔ وزیراعظم نے فلسطینیوں کے حقوق پر دو ٹوک موقف اپنایا، عالم اسلام کی بہترین نمائندگی کی ۔وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے اپنی ٹویٹ میں کہا عمران خان نے جرأت اوردلیل سے کشمیریوں اورمسلمانوں کامقدمہ پیش کیا،وزیراعظم نے ہندوستان کافاشسٹ چہرہ دنیا کے سامنے آشکارکیا ، فلسطین اورمقبوضہ کشمیرپرپاکستان کے دوٹوک موقف کااعادہ کیا۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ عمران خان نے اپنی تقریر میں فلسطین کی آزادی،مظلوم کشمیریوں اور میانمار کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور کلام اللہ کی عظمت بیان کر کے دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے دل جیت لئے ۔ چیئرمین ای یو کشمیر کونسل علی رضا سیدنے کہاکہ عمران خان نے جس طرح کشمیریوں کی نمائندگی کی ہے اس پر کشمیری ان کے شکرگزارہیں ۔92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار ہما بقائی نے کہا کہ عمران خان کی باتیں سب کی آواز ہیں ان سے پہلے کسی نے اقوام متحدہ کے فورم پر منی لانڈرنگ کی بات نہیں کی ۔ سابق وزیرخارجہ سردار آصف احمد علی نے کہاکہ وزیرا عظم کی تقریر بڑی مدلل تقریر تھی انہوں نے بھارتی حکومت کو اچھے انداز سے بے نقاب کیا ۔ کشمیری رہنما مشعال ملک نے کہاکہ ہم کشمیریوں کی طرف سے وزیراعظم کے خطاب کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔دفاعی تجزیہ کار امجد شعیب نے کہاکہ وزیراعظم نے گزشتہ سال کی طرح اچھی تقریر کی انہوں نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کیا ۔ ماہربین الاقوامی امور شاہد امین نے کہاکہ وزیراعظم نے اسلامو فوبیا کے ایشو کو خوب اٹھایا ،گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے بھرپورآوازاٹھائی۔