لاہور(انور حسین سمرائ) وزیراعظم نے پنجاب پولیس میں جاری تھانہ کلچر، جعلی پولیس مقابلوں اور فورس میں بلا تخفیف کرپشن پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اور انسپکٹر جنرل پولیس کو 3 ماہ کے اندرفورس میں پائی جانے والی تمام انتظامی برائیوں کے حل کے لئے ایکشن پلان مرتب کرنے اور کرپٹ و جعلی پولیس مقابلوں میں ملوث اہلکاروں کو فارغ کرنے کا حکم دیا ہے ۔ پولیس کی تنظیم نو اور اس کو پبلک فرینڈلی فورس بنانے کے لئے ایک ہفتے میں جامع منصوبہ بندی کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پرنسپل سیکرٹری محمد اعظم خان نے چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر اور آئی جی پولیس کپٹن (ر) عارف نواز کو ایک خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کے علم میں آیا ہے کہ پنجاب پولیس کی عوام کے ساتھ زیادتیاں اور کرپشن بلا تخفیف جاری ہے اور پرانہ تھانہ کلچر بھی عام ہے ، پولیس حکام نے پولیس کو پبلک فرینڈلی فورس بنانے کے لئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے لہذا انسپکٹر جنرل پولیس ایک ہفتہ میں پولیس کے تھانے کلچر کی تبدیلی اور اس کو ایک دوستانہ فورس بنانے کے لئے ایک ایکشن پلان مرتب کریں۔ چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ تھانہ کی سطح پرعوام کی شکایات کے ازالے کے لئے موثر و متحرک سسٹم کو 3 ماہ کے اندر لاگو کریں، تھانہ کلچر کو تبدیل کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر آن لائن شلوشن متعارف کرایا جائے اور پولیس کی استداد کار کو بڑھانے کے لئے عملی تربیت و اقدامات بھی کئے جائیں۔ وزیر اعظم نے پنجاب پولیس میں جعلی پولیس مقابلوں اور کرپشن کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے آئی جی کو حکم دیا ہے کہ ان جرائم میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے فارغ کیا جائے اور ان سزا یافتہ اہلکاروں کو صرف ایک رائٹ ٹو اپیل کا موقع دیا جائے ، پولیس میں احتساب کے عمل کو شفاف بنانے اور کرپٹ پولیس اہلکاورں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لئے خارجی احتساب کا نظام بنانے پر کام کیا جائے ۔پنجاب پولیس کے ایک سینئر افسر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ پنجاب پولیس کی ٹاپ کمانڈ صوبے میں پولیس کلچر تبدیل کرنے میں سنجیدہ نہیں کیونکہ ان کے خیال میں جرائم پیشہ افراد سے نبرد آزما ہونے کے لئے روایتی پولیس ہی ایک بہتر فورس ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا پنجاب پولیس کے پاس کوئی قابل عمل پلان نہیں جس کو متعارف کرا کر تھانہ کلچر کو تبدیل کیا جاسکے ۔ پنجاب حکومت کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کا آج پنجاب کا دورہ متوقع ہے جس میں وہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار، چیف سیکرٹری اور آئی جی سے پولیس فورس کو پبلک فرینڈلی فورس بنانے کے ایکشن پلان اور کرپشن و جعلی پولیس مقابلوں کے تدارک کے لئے عملی اقدامات پر بریفنگ لیں گے ۔