اسلام آباد ( آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانیوں سے زائد کرائے وصول کئے جانے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیر ہوا بازی غلام سرور سے رپورٹ طلب کرلی ۔ذرائع نے بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستانیوں کو واپسی کیلئے شدید مشکلات کا سامنا ہے ،متحدہ عرب امارات میں بعض ایجنٹوں کی جانب سے دو ہزار درہم سے بھی زائد کرائے وصول کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کے نوٹس پر وزیر ہوابازی غلام سرور نے پی آئی اے حکام کو کرایوں کو کنٹرول کرنے کی ہدایات جاری کردیں اور زائد کرایے وصولی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے ۔دوسری جانب سے ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کا متحدہ عرب امارات سے پاکستان کے کسی بھی شہر کا یک طرفہ کرایہ 1120 درہم ہے ،ٹکٹوں کے حصول کیلئے مسافر متحدہ عرب امارات میں سفارت خانوں میں قائم دفاتر، پاکستان میں پی آئی اے کے کسی بھی بکنگ آفس یا دبئی اور ابوظہبی کے ایجنٹس سے رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔