اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروبار ی طبقہ کیلئے مراعات کا مقصد عوام کو بیروزگاری سے بچانا ہے ۔ مخصوص بندشوں کے ذریعے عوام کومحفوظ بنانے اور نادارشہریوں کی دیکھ بھال کے کام میں توازن کی حکمت عملی کے تحت سٹیٹ بنک نے کاروباری طبقے کیلئے مراعات کا اعلان کیاہے ،احساس کی چھتری تلے غریبوں کوہنگامی صورتحال میں نقد رقوم کی تقسیم جاری ہے جبکہ کاروباری طبقے کیلئے مراعات کا اہتمام کیاجارہاہے ۔وزیر اعظم آفس کے مطابق ہفتے کو وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر جاری ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ٹیکس ریفنڈز اور زراعت کیساتھ تعمیرات کے شعبے کو کھولنے جیسے فیصلے بھی کئے گئے ہیں۔ کرونا کے ہنگامے میں کاروباری طبقے کیلئے سٹیٹ بنک کی مراعات نہ صرف کاروباروں کو زندہ رہنے میں مدد دیں گی بلکہ ان سے بیروزگاری کے سیلاب کے آگے بند باندھنے میں بھی مدد ملے گی۔دریں اثناء ایک اور ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کوروناکے باعث بڑی تعداد میں بے روزگاری ہونے والے دیہاڑی دار مزدوروں کو روزگار دینے کا اعلان کر دیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ان مزدوروں کو 10 ارب درختوں کے حوالے سے بڑے پیمانے پر جاری شجر کاری مہم میں ملازمت دینے جارہی ہے جس سے بیک وقت انسانی زندگیوں اور زمینی ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ انھوں نے کہا کہ ہر اقدام کی اپنی اہمیت ہے ۔