اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے بعد ملائیشیامیں 18دسمبر کو ہونے والی کوالالمپور کانفرنس میں شرکت کے امکانات کم ہوگئے ۔ ذرائع نے بتا یا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں مسلم ممالک کی ترقی کے حوالے سے بات چیت کی اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان مسلم ممالک کی ترقی کے لئے کردار ادا کرتا رہے گا، اس کے علاوہ مسلم ممالک کے مسائل کے حل کے لئے بھی کوشاں رہے گا،مسلم ممالک کو درپیش اسلامو فوبیا، دہشتگردی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے 18 سے 20دسمبر تک کوالالمپور کانفرنس کا انعقاد ملائیشیا میں ہو رہا ہے جس میں شرکت کے لئے قطر،ترکی، انڈونیشیا اور پاکستان کو شرکت کی دعوت دی گئی، کانفرنس کی میزبانی ملائیشیا کر رہا ہے ، کانفرنس میں وزیر اعظم عمران خان نے شرکت کرنا تھی تاہم وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے بعد ان کی شرکت کے امکانات کم ہو گئے اور اب وزیراعظم کی جگہ پاکستان کے نمائندے کی شرکت کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق قطر کی کوالالمپور کانفرنس میں شرکت پر سعودی عرب کو تحفظات ہو سکتے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ذرائع نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ ملائیشیا کے حوالے سے شیڈول میں ابھی تک کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کار ہارون الرشیدنے کہا ہے کہ عام آدمی مکمل تحفظ چاہتا ہے کیونکہ امن ہوگا تو اس کو روٹی ملے گی، کاروبار چلے گا، قانون نافذ کرنے سے بہتری آتی ہے لیکن اس میں تفریق نہیں ہونی چاہئے ،47 سے 51 تو کوئی نہ کوئی قبائلی علاقہ ریاست میں شامل ہوتا رہا، دو سیاست دانوں کے بارے میں مجھے معلوم ہے کہ انہوں نے افغانستان کے لئے بھارت سے پیسے لئے ، وکلاجو پڑھے لکھے ہیں لیکن انہوں نے پی آئی سی پرحملہ کیا،سناہے کہ راجہ بشارت کی رپورٹ آرہی ہے جس میں کہا جارہاہے کہ آئی جی پنجاب اس سانحہ کا ذمہ دارہے ، میرے خیال میں تو وزیراعلیٰ بھی ذمہ دارہے ۔پروگرام مقابل میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیراعلیٰ کو کچھ پتہ ہی نہیں، خدا کیلئے اسے جانے دیں ،عثما ن بزدار کو گورنر پنجاب بنادیا جائے ، اس کولے کر آیاجائے جو وزارت اعلیٰ کو جانتا ہو، چودھری سرور کو ایک اچھی وزارت دی جائے کیونکہ وہ باہراچھے تعلقات رکھتا ہے جس سے ملک کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا عمران خان کے جانے کا انحصار ان کی کارکردگی پر ہے ، ان سے کہا جارہاہے کہ پنجاب کو بزدار نہیں چلا سکتے ،اگر ان کے ساتھ 50 آدمی فیصلہ کرلیں کہ حکومت کو بدلنا چاہئے تو بدل جائے گی لیکن اس سے ملک میں سیاسی استحکام نہیں آئے گا، ہوسکتا ہے کہ پھر نئے الیکشن کرانا پڑیں۔انہوں نے کہا اگرمحمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کی گاڑی چلائی ہے تو پھر معاملہ طے پا گیاہے ، اگر عمران خان کوالالمپور جاتے ہیں تو یہ صاف ہے کہ معاملہ ٹھیک ہے لیکن اگر کوئی چھوٹا وفد جاتاہے تو معاملہ ٹھیک نہیں ہے ،ہوسکتا ہے کہ عمران خان نہ جائیں اور نچلی سطح کا ایک وفد بھیجا جائے ، یہ بات تو طے ہے کہ سعودیوں کے ہاتھ سے لیڈرشپ نکل چکی ہے ، اس کانفرنس میں ترکی کے طیب اردوان اورملائیشیاکے مہاتیر محمد ہیں جو لیڈرشپ دکھارہے ہیں، ہمارے لئے موقع ہے کہ ہم اپنی خارجہ پالیسی کو ٹھیک کریں۔انہوں نے کہا مسلمانوں کی ایک ہی تنظیم ہونی چاہئے لیکن پا کستان کوالالمپور سمٹ میں جائے گا تاہم اسے ایک متوازن رویہ اختیار کرنا چاہئے ، اس سے فائدہ اٹھائے ۔انہوں نے کہا بھارت کشمیر کو کنٹرول نہیں کرسکا، 6 ریاستوں کوکیسے کرسکتاہے ،میں کئی روز سے کہہ رہاہوں کہ اب بھارت متحد نہیں رہ سکتا۔انہوں نے کہا ہمیں خود کو سنبھالنا چاہئے ۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے حوالے سے کہاکہ بنگالی ذہنی طورپر الگ ہوچکے تھے کیونکہ پاکستان کے اس وقت کے حکمرانوں نے صوبائی خود مختاری نہیں دی،بنگلہ دیش کا ذمہ دار ذوالفقار علی بھٹو اور شیخ مجیب تھا، ایوب خان کے دور میں احساس محرومی پیداہو ا کیونکہ سارے فیصلے یہاں پر ہوتے تھے ،بہت سی غلطیاں تھیں جن کی وجہ سے مشرقی پاکستان الگ ہوا، جن لوگوں نے پاکستان توڑا، ان کا انجام قوم کے سامنے ہے بھٹو پھانسی چڑھے ، ان کے بیٹے قتل ہوئے ، اسی طرح شیخ مجیب کا خاندان بھی مارا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا اس میں کوئی شک نہیں ،سب جانتے ہیں نوازشریف واپس نہیں آرہے کیونکہ ان کی طبیعت خراب ہے ، ڈپریشن انہیں بہت شدید ہے جس کا کوئی علاج نہیں،اس کا علاج اللہ کی طرف رجوع کرنا ہے ،اپنی غلطیوں کی اللہ سے معافی مانگیں، آصف زردار ی کی صحت نوازشریف کے مقابلے میں زیادہ خراب ہے ، اگروہ باہر جانے کا کہیں گے تو انہیں بھی اجازت مل جائے گی، میراخیال ہے کہ آخرکار مریم کو بھی جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا نارووال میں سپورٹس سٹیڈیم بنانے کی کیا ضرورت تھی،ہوسکتا ہے احسن اقبال اس میں ملوث ہوں لیکن سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ خسروبختیار سے کیوں نہیں پوچھا جاتا۔انہوں نے کہا میری معلومات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کا معاملہ حل ہوگیا ، چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن جبکہ دوممبرز حکومت نامزد کریگی۔ انہوں نے کہا ملک ریاض کا مورخ یہ لکھے گا کہ پوری قوم خاموش تھی اوروہ 38ارب کا فراڈ کرگیا۔