پشاور(سٹاف رپورٹر) محکمہ وائلڈ لائف خیبر پختونخوا نے جوتوں میں اژدھے کی کھال استعمال کرنے پر پشاور کے دکان دار چچا نورالدین کو 50 ہزار جرمانہ کردیا۔وزیر اعظم کے لئے بنائے گئے جوتوں میں اژدھے کی کھال کے استعمال کی تصدیق ہوگئی۔ محکمہ وائلڈ لائف نے جرم قبول کرنے اور آئندہ جوتوں میں جنگلی حیات کی کھال استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی پر جوتے واپس کردیئے ۔محکمہ وائلڈ لائف پشاور کے ڈی ایف او کے مطابق جوتے لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے بھجوانا تھے لیکن دوکاندار نے جرم قبول کرلیا اور وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی کے تحت 50 ہزار جرمانہ ادا کردیا جس پر چچا نورالدین کو اژدھے کی کھال والے جوتے واپس کردیئے گئے ۔واضح رہے کہ نورالدین نے وزیراعظم کے لیے اژدھے کے چمڑے سے چپل تیارکی تھی تاہم سوشل میڈیا پر تصویر وائرل ہونے اور صارفین کی جانب سے تنقید کیے جانے پر محکمہ وائلڈ لائف نے ان کے خلاف کارروائی کی۔