اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی؍ سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر چین چلے گئے ۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرمنصوبہ بندی خسروبختیار، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈزبیرگیلانی بھی وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔وزیراعظم عمران خان چینی صدراور ہم منصب سے ملاقاتیں کرینگے ،پاکستان اورچین کے مابین متعددتعاون کی یاداشتوں اورمعاہدوں پر دستخط ہونگے ۔وزیر اعظم آفس کے ترجمان کے مطابق عمران خان بیجنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہارٹیکلچر ایکسپو کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوں گے جبکہ چین کے وزیراعظم لی کی کیانگ میزبانی کریں گے ۔ وزیراعظم عمران خان 5 اگست 2019ئسے مقبوضہ جموں و کشمیر میں پائی جانے والی صورتحال سے جنوبی ایشیائکے امن اور سلامتی کو درپیش خطرات سمیت علاقے میں ہونے والی تبدیلیوں اور پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے ، دیگر امور کے علاوہ وزیراعظم چینی قیادت کو سی پیک کے جاری منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے کے حوالے سے موجودہ حکومت کے حالیہ اہم تاریخی فیصلوں اور بی آر آئی کے ہائی کوالٹی ڈیمانسٹریشن پراجیکٹ کے طور پر سی پیک کو آگے بڑھانے کے حوالے سے آگاہ کریں گے ۔ آئی ایس پی آر کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے کہاہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دورے کے دوران پیپلز لبریشن آرمی کمانڈر، سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئر مین ، کمانڈر جنوبی تھیٹر کمانڈ سے ملاقات کریں گے ۔جنرل قمر جاوید باجوہ وزیراعظم کی چینی وزیراعظم اور چینی صدر شی جنگ پنگ کے ساتھ ملاقاتوں میں بھی شریک ہونگے ۔