کراچی ( سٹاف رپورٹر )کراچی میں سندھ نرسنگ الائنس کے احتجاجی مظاہرین نے گزشتہ روز کراچی پریس کلب سے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی جس پرپولیس نے وحشیانہ لاٹھی چارج کیا،ہاتھا پائی اور واٹر کینن کااستعمال کیاجبکہ5 رہنماؤں کوحراست میں لے لیااوربعدازاں انہیں وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پررہاکردیاگیا۔نرسوں سے اظہاریکجہتی کیلئے جانے والی پی ٹی آئی کی رکن سندھ اسمبلی دعابھٹو بھی پولیس کے واٹر کینن کی زدمیں آکرگرگئیں ۔مظاہرین سے کامیاب مذاکرات میں مشیر اطلاعات سندھ نے 24گھنٹوں میں مطالبات سے متعلق نوٹیفکیشن کی یقین دہانی کرائی تو مظاہرین واپس پریس کلب آگئے ،اہم نوٹیفکیشن کے اجرائتک دھرناجاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کل جب سیکرٹری صحت سے تمام معاملات طے ہوگئے تھے تو آج احتجاج کا جواز نہیں بنتا تھا۔نرس رہنمااعجاز کلیری نے کہا ہے کہ مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری ہونے تک پریس کلب پر دھرنا جاری رہے گا۔