وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سانحہ حفیظ سنٹر کے متاثرین کے لیے 5ارب روپے کے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ہم 207 متاثرہ دکانداروں او ر مالکان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ حفیظ سنٹر میں لگنے والی آگ سے تاجروں کا اربوں روپے کا نقصان ہوا،جس کے بعد حکومت پنجاب نے متاثرین کی داد رسی کے لیے ایک موزوں پیکیج کا اعلان کیا ہے،جو باعث تحسین ہے۔ چیمبر آف کامرس اور حفیظ سنٹر کے تاجر رہنمائوں نے بھی اس کی تحسین کی ہے۔ اس پیکیج سے متاثرین اپنا کاروبار ازسرنو شروع کر کے گھر کا چولہا چلا سکیں گے۔ حکومت اس ریلیف پیکیج کے تحت مارک اپ کی سبسڈی کی مد میں تقریباً 1.6 ارب روپے دے گی۔ یقینی طور پر اس پیکیج کے درست اور حقداروں کے استعمال سے ایک بار پھر الیکٹرانک مارکیٹ میں گہما گہمی ہو گی۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ بڑی مارکیٹوں اور پلازوں کی تعمیر کے وقت قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ اگرکثیرالمنزلہ پلازوں کی تعمیر کے وقت ہنگامی راستوں کو بنایا جائے تو ناگہانی آفت کے وقت نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ تاجر برادری اس بات کا خیال رکھے کہ فنڈز مستحقین تک پہنچ سکیں۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ تعلقات کی بنا پر غیر مستحق فنڈز لے اور اصل حقدار منہ دیکھتے رہیں۔