لاہور،ملتان ،رحیم یارخان(خصوصی نمائندہ،جنرل رپورٹر، سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں سرکاری خرچ پر افطارپارٹیوں کے انعقاد پر پابندی عائد کر دی ہے اور اس کا اطلاق وزرائ، صوبائی سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام پر بھی ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ عوام کی امانت ہے اور عوامی فلاح وبہبود پر ہی خرچ ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ رحیم یار خان کے دوران عسکری پارک صادق آباد راور عید گاہ رحیم یا رخان کے مضان بازاروں میں صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم قومی وسائل کے امین ہیں اور کفایت شعاری ہماری پالیسی کا بنیادی عنصر ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نمائشی اقدامات سے گریز کر کے رمضان بازاروں میں دو ارب روپے کی بچت کی ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال صادق آباد کے شعبہ حادثات کا بھی اچانک دورہ کیا۔انہوں نے شعبہ ایمرجنسی میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں بارے استفسارکیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔انہوں نے ڈاکٹرز کو نصیحت کی کہ ہسپتال میں مریضوں سے شفقت کا رویہ رکھیں کیونکہ ڈاکٹرز کا میٹھا بول مریض کی آدھی بیماری ختم کر دیتا ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے رحیم یار خان دورہ کے دوران صادق آباد میں چک5این پی میں گندم خریداری مرکز کا اچانک دورہ کیا انہوں نے مرکز پر موجود کاشتکاروں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل دریافت کئے ۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پولیس موبائل خدمت مرکز کا افتتاح کیا۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دورہ رحیم یار خان کے دوران شہر میں بعض مقامات پر صفائی کے ناقص انتظامات اور فرائض میں غفلت برتنے پر نوٹس لیتے ہوئے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی شیخ قاسم شکیل اور ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر لطیف گل کو معطل کر کے انہیں فوری طور پر عہدوں سے ہٹا دیا۔بعدازاں وزیر اعلیٰ رحیم یارخان کے دورے کے بعد خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان ائیرپورٹ پہنچے ۔جہاں جیٹ ری فیولنگ کیلئے ان کا طیارہ لینڈ کیا گیا۔انہوں نے وی آئی پی لاؤنج میں افطاری تاہم آدھے گھنٹے کے قیام کے بعد طیارہ لاہور کیلئے روانہ ہوا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ عثمان بزدار آج بھکر جائیں گے اور کسانوں میں ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کریں گے ۔