کراچی(سٹاف رپورٹر،صباح نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے ملاقات کی۔ گزشتہ روز اس موقع پر چیئرمین پیمرا نے وزیراعلیٰ سندھ کو سالانہ رپورٹ پیش کی اور الیکٹرک میڈیا انڈسٹری کا جائزہ بھی پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے چیئرمین پیمرا کو صوبہ سندھ میں پیمرا کو اسکے فرائض کی انجام دہی کے سلسلہ میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے چیئرمین پیمرا کو کراچی میں پیمرا کے دفتر کی تعمیر کیلئے زمین الاٹ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ایگزیکٹو ممبر پیمرا اشفاق جمانی اور ڈائریکٹر جنرل حاجی آدم بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ چیئرمین پیمرا نے الیکٹرانک میڈیا کی صنعت اورپالیسی سازی کے ذریعے اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ چیئرمین پیمرا نے غیر قانونی انڈین چینلز ، ڈی ٹی ایچ اورانڈین مواد کیخلاف جاری مہم سے آگا ہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ میں ملک بھرکے مختلف شہروں میں جاری کریک ڈاؤن اور چھاپوں کے دوران سینکڑوں کیبل آپریٹروں کا غیر قانونی انڈین چینلز کی نشریات میں استعمال ہونے والے آلات کو قبضے میں لیکر تلف کیاگیا ہے ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ، سی لائن اور جادو باکس کی خریدو فروخت اور انڈین چینلزکیخلاف مہم کو مزید موثر بنایا جائیگا تاکہ اس غیر قانونی کاروبارکو مکمل ختم کیا جا سکے جو کہ ہماری سماجی، ثقافتی اور مذہبی اقدار کیلئے تباہ کُن ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے زور دیا کہ پیمرا اور میڈیا ملکر جعلی خبروں کے خاتمے کیلئے کردار ادا کریں ۔