اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ این این آئی) وزیراعظم عمران خان سے پاکستان میں چین کے سفیر یاو جینگ نے ملاقات کی۔ انھوں نے وزیر اعظم کو چینی صدر کی جانب سے ان کی آنے والی سالگرہ پر نیک خواہشات کا پیغام پیش کیا ۔وزیر اعظم آفس کے مطابق چینی صدر نے اپنے پیغام میں چین اورپاکستان کے مابین روایتی دوستی کو پتھر کی مانند ٹھوس قرار دیا اور نئے عہد میں پاکستان اور چین کے عوام کے مشترکہ مستقبل کو مزید قریب لانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ وزیر اعظم نے چینی صدر کا اس پیغام پر شکریہ ادا کیا اور سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کو مکمل کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کل سعودی عرب روانہ ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ، مشیر خزانہ، مشیر تجارت وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے ۔مزیدبرآں وزیراعظم آج طورخم بارڈر کا افتتاح کریں گے ۔دریں اثناء وزیراعظم کی زیرصدارت ملک میں صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی جانب سے دیے جانے والے مراعاتی سہولیات کے جائزے کیلئے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر صنعتی ترقی کے حوالے سے حکومتی ترجیحات کو اجاگر کیا۔