اسلام آباد ، مشہد ، تہران( خبر نگار خصوصی،92نیوز رپورٹ ) وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے ۔ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران ایرانی سپریم لیڈر سید علی خا منہ ای اور صدر حسن روحانی سے ملاقات کریں گے ۔ وزیراعظم عمران خان کا ایران کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے جو وہ ایرانی صدر حسن روحانی کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان مشہد ایئرپورٹ پہنچے تو گورنر جنرل خراسان علی رضا حسینی نے ان کا استقبال کیا۔ پاکستانی سفیر رفعت مسعود اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعظم اور گورنر خراسان کی ملاقات میں دوطرفہ امورپرتبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعظم نے مشہد میں حضرت امام رضاؓ کے روضہ پر حاضری دی، نوافل ادا کئے اور ملک و قوم کی ترقی اورخوشحالی کیلئے خصوصی دعاکی۔وزیر اعظم بعدازاں مشہد سے تہران پہنچ گئے ۔ وزیراعظم نے تہران ائیرپورٹ پر ایرانی وزیرصحت سے ملاقات کی۔وزیراعظم کیساتھ وفد میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، معاونین خصوصی برائے تجارت و سمندر پار پاکستانیز بھی شامل ہیں۔ وزیر اعظم دورہ ایران کے دوران پاکستانی اور ایرانی کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔