ٹیکساس (صباح نیوز)آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے امریکی صدر کے مشیر برائے مسلمز ساجد تارڑ کومقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال ،بھارتی جارحیت اور کنٹرول لائن کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کردیا۔گزشتہ روزوزیراعظم آزادکشمیر سے امریکی صدر کے مشیر ساجد تارڑ نے ملاقات کی اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔ساجد تارڑ نے کہا کہ صدر ٹرمپ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل میں دلچسپی رکھتے ہیں اور اسکا متعدد بار اظہار بھی کرچکے ہیں۔ صدر ٹرمپ کے اتار چڑھاؤ میں ان کیساتھ رہا ہوں، وہ روایتی سیاستدان نہیں اوربہت کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے امریکی صدر کے مشیر کو بتایا کہ بھارتی فوج ایل او سی پر نہتے شہریوں کیخلاف کلسٹر بموں کا بھی استعمال کر رہی ہے جو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔ کشمیر کا مسئلہ دوطرفہ مسئلہ نہیں یہ تقسیم برصغیر کا ادھورا ایجنڈا ہے اور اسکے فیصلے کیلئے سلامتی کونسل نے راستہ متعین کررکھا ہے جس پر عملدرآمد کرانے کیلئے عالمی طاقتیں بھارت پر دباو ڈالیں۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش ایک بڑی پیشرفت ہے کشمیری عوام اس پر عملدرآمدکیلئے امریکی صدر کی جانب دیکھ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت امریکہ میں مسلمانوں کی بااثر ترین شخصیات میں ساجد ٹرمپ کا شمار ہوتا ہے جن کی جانب سے معصوم شہریوں کی حمایت پر انکے شکرگزار ہیں۔