اسلام آباد،ملتان(سپیشل رپورٹر،92نیوز رپورٹ)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں سعودی قیادت کی جانب سے مفاد عامہ میں کیے گئے فیصلوں پرمکمل اعتماد ہے ۔تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی وزیر خارجہ نے 2021ء میں حج کے انتظامات کے حوالے سے درپیش چیلنجز اور سعودی حکومت کی جانب سے عوامی مفاد میں اٹھائے گئے اقدامات سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں صورتحال کی نزاکت کا بخوبی علم ہے اور ہمیں سعودی قیادت کے فیصلوں پر مکمل اعتماد ہے ۔دونوں وزرا خارجہ نے عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی سالمیت کے حوالہ سے پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا۔قبل ازیں ملتان میں پریس کانفرنس میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری تمام تر توجہ معیشت کی بہتری پر مرکوز ہے ، ادارے مستحکم ہو رہے ہیں، معاشی شرح نمو میں اضافہ سے مہنگائی اور غربت میں کمی ہوگی، دبائو کے باوجود بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا، بجٹ پر اپوزیشن کے نقطہ نظر کو پارلیمنٹ میں سنیں گے ،ہر طبقے نے بجٹ کو خوش آئند قرار دیا۔ وزیر خارجہ نے کہا وفاقی بجٹ کے حوالے سے فیڈ بیک حوصلہ افزا ہے ۔بجٹ میں سکھر سے حیدر آباد موٹر وے کیلئے رقم مختص کی گئی، جب یہ ٹکڑا تعمیر ہو جائے گا تو کراچی سے پشاور تک پورا ملک موٹر وے کے ذریعے مل جائیگا۔ کراچی کو نظر انداز نہیں کیا بلکہ بڑا پیکیج دیا گیا اور سرکلر ریلوے کیلئے رقم مختص کی گئی،کراچی پورٹ سے اشیاء کی آسانی سے ترسیل کیلئے کوریڈور بنانیکا پروگرام ہے ۔جہانگیرترین کے ایشو پر تحقیقات چل رہی ہیں، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگا۔