لاہور،اسلام آباد (اپنے نیوز رپورٹر سے ،خبر نگار، 92 نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں) نیب لاہور نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو 12 اگست کو طلب کرلیا،وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو شراب کے غیرقانونی لائسنس کے اجراء کے کیس میں طلب کیا گیا ہے ۔ نیب ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایک نجی ہوٹل کو شراب کا لائسنس جاری کیا تھا جو جاری کرنا ڈی جی ایکسائز کا حق ہے ، انکوائری میں انہیں اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لئے طلب کیا گیا ہے ۔ نیب نے اپریل 2019 ء میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔دوسری جانب نیب نے نائب صدر ن لیگ مریم نواز کو غیر قانونی اراضی کیس میں11 اگست کو طلب کرلیا۔ مریم نواز کو جاتی عمرہ میں 200کنال اراضی غیر قانونی طور پر اپنے نام کرانے کے الزام میں طلب کیا گیا ۔ نیب نے سابق ڈی سی او نور الامین مینگل اور احد چیمہ سے بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے ۔ 2014 میں رائے ونڈ میں مریم نواز کے نام 200 کنال زمین منتقل کی گئی، ذرائع کا کہنا ہے دو ہزار چودہ میں جاتی عمرہ میں پانچ سو کنال زمین شریف خاندان کے نام منتقل کی گئی جس میں سے دو سو کنال مریم نواز ،سو ایکڑ نواز شریف اور سو ایکڑ شہباز شریف کے نام پر منتقل کی گئی ،یہ وہی جگہ ہے جہاں نواز شریف نے اپنی رہائش کے لیے پوری جاگیر بنا رکھی ہے ۔ زمین کی منتقلی میں ایل ڈی اے کے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا۔جاتی عمرہ کے اطراف کی زمین کو گرین لینڈ بھی قرار دیا گیا تھا تاکہ وہاں کے عام شہری زمین نہ خرید سکیں ۔ ادھر نیب راولپنڈی نے ایل این جی سیکنڈل میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،مفتاح اسماعیل سمیت پندرہ ملزمان کیخلاف احتساب عدالت اسلام آباد میں ضمنی ریفرنس دائر کر دیا۔ریفرنس میں شیخ عمران الحق،عبدالصمد داؤد،حسین داؤداور شاہد خاقان کے بیٹے عبداﷲ خاقان کوبھی نامزد کیا گیا ہے ۔