لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتیں اے پی سی پر کسی اور کو نہیں بلکہ اپنے آپ کو دھوکہ دے رہی ہیں۔سیاسی بے روزگار ذہن نشین رکھیں کہ عوامی پذیرائی اے پی سی سے نہیں ملتی بلکہ عوام کی خدمت ہی اصل سیاست ہے جو تحریک انصاف کی حکومت طرہ امتیاز ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام کو وزیراعظم عمران خان کی جراتمند اور شفاف قیادت پر پورا اعتماد ہے ۔اپوزیشن کا منفی کردار افسوس ناک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مزید خلفشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ماضی کی طرح اے پی سی کا یہ ڈرامہ بھی ناکام ہوگا۔علاوہ ازیں وزیراعلی کی ہدایت پر جلد کیلئے نقصان دہ جعلی کاسمیٹکس تیارو فروخت کرنے والوں کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔پنجاب کابینہ نے دی پنجاب ڈرگ ترمیمی بل2020 کی منظوری دے دی۔وزیر اعلی نے کہا کہ سابق دور میں غیر معیاری و جعلی کاسمیٹکس تیار و فروخت کرنیوالے مافیاکو کھلا چھوڑے رکھا گیا۔ترمیمی بل کی منظوری سے عالمی معیار کے مطابق کاسمیٹکس مصنوعات کی تیاری یقینی بنائی جاسکے گی۔اب کاغذوں میں نہیں بلکہ عملی طورپر اس مافیا کا سدباب ممکن ہوگا۔علاوہ ازیں عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور پاکستانی امن پسند قوم ہے ۔پاکستان کا آگ سے امن تک کا سفر شہداء کی قیمتی قربانیوں کا مرہون منت ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے صحافی لیاقت انصاری کی والدہ کے انتقال پرتعزیت کا اظہار کیا ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے گوجرہ کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیااورحادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی۔