کراچی (سٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر اور سابق سٹی ناظم مصطفی ٰکمال نے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے میئر کراچی وسیم اختر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وسیم اختر کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا تو وہ اپنی ٹرم کے دوران ہی ملک چھوڑ کر بھاگ جائیں گے ۔ مصطفیٰ ٰکمال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال کو کراچی نے مسترد کیا ہے ، یہ ہے کون؟مصطفیٰ کمال کے خلاف انکوائری چل رہی ہے ، میں تو یہاں ہوں مصطفیٰ کمال تو بھاگ کر چلے جائیں گے ، مصطفیٰ کمال نے آج تک کیا کیا ہے ؟ انہوں نے چائنہ کٹنگ ہی کی ہے جب کہ اس کے مقابلے میں سعید غنی اچھا آدمی ہے ۔وسیم اختر کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ کراچی کے وسائل استعمال ہونے چاہئیں میں پوری کوشش کر رہا ہوں لیکن بلدیہ کے پاس اتنے اختیارات نہیں ، میرے پاس کچرا اٹھانے کی ذمہ داری نہیں ، جہاں مجھے اختیارات ہیں تو وہاں وسائل نہیں ۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ کراچی والوں وسیم اخترکوٹیکس مت دینایہ چوراورڈاکوہے ،وسیم اخترکوپکڑاجائے بہت پیسہ نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنگی بنیادوں پرکراچی کامسئلہ حل کرنیکی کوشش کریں، ہمیں آخری امیداب آرمی چیف جنرل باجوہ سے ہے ۔