لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کرکٹ کمیٹی کی سربراہی سے دستبردار ہوگئے ، نئے چیئرمین کی نامزدگی جنوری میں کر دی جائے گی جو سابق ٹیسٹ کرکٹر ہو گا۔ گزشتہ روز چیئرمین احسان مانی نے کہا کہ وسیم خان کے لئے مناسب نہیں تھا کہ وہ چیف ایگزیکٹو کے عہدے کے ساتھ کرکٹ کمیٹی کو چلائیں۔ وسیم خان پی سی بی کے ملازم تھے لہٰذا وہ کمیٹی پر بہت زیادہ اثر و رسوخ دکھا سکتے تھے ۔پی سی بی کے مطابق وسیم خان اور احسان مانی نے باہمی طے کیا کہ وسیم خان کے لیے کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے استعفیٰ دینا بہتر ہوگا لیکن وہ کمیٹی کا حصہ رہیں گے اور کمیٹی کے لیے ایک آزاد چیئرمین مقرر کیا جائے گا۔احسان مانی نے کہا کہ 'میں چاہتا ہوں کہ یہ مکمل طور پر ایک آزاد کمیٹی بن جائے جو سابق کرکٹرزپر مشتمل ہواور جو واضح مشورے اور تنقیدی جائزہ پیش کرسکیں۔