لاہور (کامرس رپورٹر)کرغزستان کے سفیر ایریک بشیمیونے کہا ہے کہ کرغستان پاکستان کے لیے وسطی ایشیائی منڈیوں تک رسائی کے لیے پل کا کردار ادا کرسکتا ہے ، پاکستانی تاجر بہت سی رعایات کے ساتھ اپنی چھ ہزار آئٹمز وہاں برآمد کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان اقبال شیخ ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر ، نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے دوران کیا۔ لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر امجد علی جاوا ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران ملک محمد خالد ، فیاض حیدر ، حاجی آصف سحر، نثار احمد ، ڈاکٹر ریاض احمد ، یاسر خورشید ، شیخ سجاد افضل بھی موجود تھے ۔سفیر نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان جغرافیائی طور پر خطے کے اہم مقامات پر واقع ہیں اور دونوں باہمی تجارت اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دے کر ایک دوسرے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرغزستان معاشی ترقی کی راہ پر ہے۔