لاہور(سٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور مجلس قائمہ سیاسی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان خود سیاسی قرنطینہ کا شکار ہیں وہ خود دیوار سے لگ چکے ہیں اور کام ریاست نے سنبھال لیا ہے ملک کا اقتصادی بحران بدترین ہوچکا ،حکمران نئے عزم کے ساتھ کشکول اٹھانے کو تیار ہیں ۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے مدرسہ جامع العلوم میں جماعت اسلامی و الخدمت فانڈیشن کے امدادی راشن ڈپو کے معائنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کے ذریعے مستحق لوگوں تک پہنچنا مشکل نہیں ہے مگر حکمرانوں نے امدادی پیکیج کے نام پر کرپشن کا راستہ کھول دیا ہے ۔ حکومتی ریلیف پیکیج کا فائدہ عام آدمی تک نہیں پہنچا۔ بجلی ، تیل ،گیس پر عائد تمام حکومتی ٹیکس واپس لئے جائیں تاکہ بند صنعتوں کا پہیہ چل سکے اور عوام کو روزگار ملے ۔ صنعتیں چلنے سے قومی خزانے میں پیسہ آئے گا اور معیشت بہتر ہوگی۔