کراچی(این این آئی؍ مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے ۔ دورے کے دوران وزیراعظم کنگری ہائوس جائیں گے جہاں وہ جی ڈی اے کے سربراہ پیر صاحب پگارا سے ملاقات کریں گے ۔ وزیراعظم کے دورہ کراچی کے دوران اتحادی جماعت ایم کیو ایم کو نظر اندازکردیاگیاہے ، شیڈول میں کوئی ملاقات طے نہیں ۔ذرائع ایم کیو ایم نے اس ضمن میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے ملاقات کا کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا ۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی خواہش ہے کہ وزیر اعظم بہادر آباد آئیں۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم ممتازکاروباری شخصیات کے وفدسے ملاقات کے علاوہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں مہمان خصوصی بھی ہونگے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم 5 فروری کو مظفر آباد جبکہ 6 فروری کو میرپور میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے جلسوں سے خطاب کریں گے ۔