اسلام آباد (این این آئی،92نیوز رپورٹ)وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے انتظامی دفاتر کو(آج)پیر سے کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی تعلیمی اداروں کے سربراہان کو حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی جبکہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو صاف ستھرارکھنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ۔وفاقی نظامت تعلیمات اسلام آباد کے زیر اہتمام 423 تعلیمی اداروں کے تمام سربراہان کو ہدایت جاری کی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیمات کے مطابق یکم جون سے اپنے اداروں میں تمام غیر تدریسی عملہ حاضری کو یقینی بنائیں، تمام سربراہان اپنے اداروں کو صاف ستھرا بھی رکھیں۔ کورونا وائرس کی وباء سے بچنے کیلئے سٹاف کو حاضری سے استثنیٰ دیا گیا تھا۔