کراچی ( سٹاف رپورٹر ) کراچی سے کچرا اٹھانے کے معاملے پر وفاقی حکومت اور سندھ حکومت آمنے سامنے آگئی ہیں، سندھ حکومت نے وفاقی اداروں کی حدودوالے علاقوں سے کچرا اٹھانے سے انکارکرتے ہوئے ان اداروں کے سربراہان کو اپنے علاقوں سے کچرا خوداٹھانے کے لئے خطوط لکھ دیے ہیں، ذرائع کے مطابق کراچی میں گزشتہ کئی روز سے کچرے پر جاری جنگ میں سیاسی جماعتوں کے بعد اب سندھ حکومت اور وفاقی حکومت بھی آمنے سامنے آگئی ہیں اورسندھ حکومت نے وفاقی اداروں کی حدود والے علاقوں سے کچرا اٹھانے سے انکار کردیا ہے ۔سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ وفاقی اداروں کی حدود والے علاقوں سے کچرا اٹھا نا اور اسے ٹھکانے لگانا ان اداروں کی ذمے داری ہے ۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرویسٹ نے چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ اورڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے کراچی کو علیحدہ علیحدہ خطوط لکھے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے کراچی کی صفائی کیلئے جاری مہم کے دوران وزیر اعلیٰ کی جانب سے وفاقی اداروں کی حدود والے علاقوں میں کچرے اور گندگی کی صورتحال دیکھ کر سخت ناگواری کا اظہار کیا ہے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ تمام وفاقی ادارے اپنی حدود والے علاقوں سے کچرا اٹھانے اور انھیں ٹھکانے لگانے کے ذمے دار ہیں،سندھ حکومت ان علاقوں سے کچرا نہیں اٹھائے گی، لہذا عوام کے بہترین مفاد میں وفاقی اداروں کی حدود میں آنے والے علاقوں سے کچرا اٹھانے کا فوری انتظام کیا جائے اور اسے ٹھکانے لگانے کا بھی موثر انتظام کیاجائے ۔