لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب حکومت کو کورونا سے بچائو کی ویکسین کی دوسری کھیپ مل گئی، وفاقی حکومت کی جانب سے 70 ہزار ڈوزز فراہم کی گئی ہیں ۔پہلی خوراک لگوانے والے ہیلتھ پروفیشنلز کو دوسری ڈوز لگائی جائیگی۔ نئی ڈوزز پنجاب کے مختلف ہسپتالوں کو فراہم کی جائینگی۔ پہلی کھیپ میں سے پنجاب بھر میں اب تک 41 ہزار 187 افراد کو کورونا وائرس ویکسین لگائی جا چکی ہے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں 6020 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔پہلے مرحلے میں پنجاب کے 2 لاکھ 35 ہزار ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائیگی۔ ویکسین کی مرحلہ وار تقسیم کے اگلے مرحلے میں 60 سال سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جائیگی۔