کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کرونا سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ نہیں،سندھ کو کرونا ٹیسٹ کیلئے صرف 200 کٹس فراہم کی گئی ہیں۔صوبائی حکومت نے ازخود کٹس منگوائی ہیں۔ ترجمان سندھ حکومت بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وفاقی حکومت سے التجا کی کہ سیاست کیلئے زندگی پڑی ہے ،بدقسمتی سے وفاقی حکومت مثبت ردعمل کااظہارنہیں کررہی۔ان حالات میں مدد کرنیکا آسان طریقہ یہ ہے کہ عوام خود کو 14 روزکیلئے قرنطینہ کرلیں،ہوٹل بند رکھنے پر100 فیصد عمل نہیں ہورہا۔ رکن سندھ اسمبلی شرجیل میمن نے حیدرآباد میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ڈیم کیلئے جمع پیسہ کرونا متاثرین کے علاج پرخرچ کرے ۔سندھ کے وزیرٹرانسپورٹ اویس شاہ نے وفاقی وزیرریلوے سے ٹرین سروس بند کرنیکا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ میں فی الحال ٹرین سروس بند کرے کیونکہ ٹرینوں کے ذریعے دیگرصوبوں سے مسافرسندھ آرہے ہیں جس سے کرونا وائرس پھیل سکتا ہے ۔