لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ فروغ نسیم بڑے منجھے ہوئے قانون دان ہیں،ان کی جماعت کا کراچی کے بارے میں اپنا ایک نکتہ نظر رہا ہے ،و ہ کراچی کو سندھ سے الگ کرنے کے بڑے عرصے سے خواب دیکھ رہے ہیں۔پروگرام نائٹ ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا وفاق نے پچھلے سال سندھ کو 130ارب روپے کم دئیے ہیں،وفاقی حکومت صوبائی حکومت کا ساتھ نہیں دے رہی بلکہ لوکل گورنمنٹ کا ساتھ دے رہی ہے کیونکہ وہ ان کے اتحادی ہیں۔سابق مستقل مندوب اقوام متحدہ منیر اکرم نے کہا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کی بڑی اہمیت ہوگی کیونکہ اس مرتبہ ہمارا یہ ارادہ ہوگا کہ جو مقبوضہ کشمیر میں اس وقت حالات ہیں، ہم نے ان کو دنیا میں اجاگر کرنا ہے ۔انہوں نے کہا امریکہ کے جو طالبان کے ساتھ مذاکرات میں تعطل آیا ہے ، وہ ان کے اندرونی اختلافات ہیں ، پاکستان کا اس میں کوئی کردار نہیں ،مذاکرات دوبارہ ہوں گے ۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان عوامی تحریک نور اللہ صدیقی نے کہا ڈاکٹر طاہر القادری نے اس ملک کے اندر اصلاحات کا ایجنڈا دیا، بے رحم احتساب کا ایجنڈا کامیاب نہیں ہوسکا۔وائس چانسلر یو ایچ ایس ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ڈینگی اس وقت دنیا کے 139ممالک میں موجود ہے ،یہ جس ملک کا رخ کرلیتا ہے وہاں نقصان ضرور کرتا ہے ،اس بیماری کو کم تو کیا جا سکتا ہے مگر مکمل طور پر اس پر قابو پانا مشکل ہے ۔