کراچی (ایس ایم امین )پی ٹی آئی حکومت اور اتحادی جماعتوں نے عوامی رابطہ مہم کے ذریعے اپوزیشن جماعتوں کی احتجاجی تحریک کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے حکمت عملی تیارکرلی ہے ۔ تحریک انصاف کی قیادت نے عید الفطرکے بعد حکومت مخالف اپوزیشن تحریک سے نمٹنے کے لیے اتحادی جماعتوں سے مشاورت شروع کردی۔مسلم لیگ فنکشنل،جی ڈی اے اورتحریک انصاف کا وفاق اورسندھ میں پیپلزپارٹی دورحکومت کی کرپشن،ناقص کارگردگی منظرعام پرلانے پر اتفاق ہوگیا ۔ جمعہ کووزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی میں تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی اہم بیٹھک ہوئی، جس میں اتحادی اورہم خیال جماعتوں سے اپوزیشن جماعتوں کی مجوزہ حکومت مخالف تحریک سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل کی تیاری پر اہم مشاورت اورفیصلے کیے گئے ۔ معتمد ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کواہم پیغام اورٹاسک دے کرایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کے پاس مشاورت کے لیے بھیجا گیا۔اہم ترین مشاورت میں پیر صدرالدین شاہ راشدی،سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم کے علاوہ سندھ سے تعلق رکھنے والی دیگراہم سیاسی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ اتحادی جماعتوں نے تحریک انصاف کی قیادت کومشورہ دیا ہے کہ اس تاثرکوزائل کرنا چاہئے کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کا تختہ الٹنا چاہتی ۔