اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ خصوصی نیوز رپورٹر) وفاقی کابینہ میں تین نئی تقرریاں کی گئی ہیں ۔ فرخ حبیب وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات،عثمان ڈار دوبارہ معاون خصوصی برائے امور نوجوانان، ڈاکٹر وقار مسعود معاون خصوصی خزانہ و ریونیو بن گئے ۔فرخ حبیب نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے ، صدر مملکت عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔فرخ حبیب نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ اپنے قائد عمران خان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ جیسے اپنے نوجوان سپاہی پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا میرا عہد ہے کہ نئے پاکستان کی منزل کے حصول کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائوں گا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے فرخ حبیب کو مبارک باد دی ہے ۔یادرہے ڈسکہ میں ضمنی الیکشن کے باعث عثمان ڈار کو 12 فروری کو معاون خصوصی کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا تھا، اب دوبارہ ان کی معاون خصوصی کے عہدے پر تعیناتی کی گئی ہے ، عثمان ڈار کی تعیناتی اعزازی ہوگی اور اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ڈاکٹر وقار مسعود اس سے قبل معاون خصوصی برائے ریونیو تھے ۔ ڈاکٹر وقار مسعود کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا۔ کابینہ ڈویژن نے 3 الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ۔نجی ٹی وی کے مطابق 3نئی تقرریوں کے بعد وفاقی کابینہ ارکان کی نصف سنچری مکمل ہو گئی ہے ۔ وفاقی کابینہ میں 27 وزرا ، 4 وزرائے مملکت، 15 معاونین خصوصی اور 4 مشیران شامل ہیں۔