اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیا ں) وفاقی کابینہ نے این ایف سی ایوارڈ کے متبادل کے طور پر صوبائی فنانس کمیشن تشکیل دینے کی منظوری دیدی جبکہ کے الیکٹر ک کی بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ موخر کر دیا ۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس گزشتہ روز ہوا ، متعدد وزرا نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔اجلاس میں 5 نکاتی ایجنڈے پر غورکیا گیا جبکہ ملک کی مجموعی سیاسی ومعاشی صورتحال سمیت کورونا وبا کیخلاف اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔ وفاقی کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں 73 ارب روپے کا اضافی بوجھ صارفین پر ڈالنے کا معاملہ اور کے الیکٹرک کی بجلی کی قیمت میں اضافہ کی سمری موخر کر دی ۔ وفاقی کابینہ کو مویشی منڈیوں اور احتیاطی تدابیر سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا جبکہ اجلاس میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی نتائج پر بھی مشاورت کی گئی ۔وزیر اعظم اور کابینہ ارکان نے کورونا کیسز میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے ہوٹل، ریسٹورنٹس اور شادی ہال کھولنے کا معاملہ اسد عمر کے سپرد کر دیا ۔وفاقی وزیر علی زیدی نے عزیر بلوچ اور جے آئی ٹی رپورٹ پر وفاقی کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی جبکہ معاملات کو سپریم کورٹ لے جانے سے متعلق بھی کابینہ کو اعتماد میں لیا ۔وزیر اعظم نے کہا کورونا ختم نہیں ہوا، ابھی مزید احتیاط برتنا ہوگی ، عیدالاضحیٰ پر شہری احتیاط کریں،گھروں تک محدود رینا زیادہ مناسب ہوگا۔ وزیراعظم نے مویشی منڈیوں میں ہر صورت ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت دیدی۔وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اجلاس کے بعد بریفنگ میں بتایا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی نے ریفارمزپروزیراعظم کوبریفنگ دی۔وزیراعظم سینٹ انتخابات میں شفافیت کیلئے پرعزم ہیں، ایسا الیکشن کرانا چاہتے ہیں جس پرکوئی انگلی نہ اٹھاسکے ۔ انتخابی اصلاحات کے ذریعے شفاف انتخابات کرانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاتمام صوبے فنانس کمیشن بنائیں۔فنانس کمیشن سے جنوبی پنجاب سمیت ہرعلاقے کو فنڈز ملیں گے ۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 3جولائی کے فیصلوں پر بھی غور کیا ۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ گیس کی قیمتوں اور کے الیکٹرک کے حوالے سے فیصلہ آئندہ اجلاس میں لیا جائیگا ۔شمالی علاقہ جات میں جنگلات سے درختوں کی کٹائی روکنے کیلئے لوگوں کو سولر چولہے دینے کی سکیم کا اعلان کیا گیا ہے ، اس منصوبے پر آئندہ دو ماہ میں کام شروع ہو جائے گا۔ اجلاس میں سرکاری عہدوں پر تعیناتیوں کے حوالے سے ڈاکٹر عشرت حسین کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد خصوصاً بھرتیوں کیلئے اشتہارات کو آسان بنانے اور انکی جانچ پڑتال کیلئے کابینہ ممبران پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے عرفان ربانی کو ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرونکس جبکہ عصمت گل خٹک کو ڈائریکٹر جنرل پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔ اجلاس کو کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی ۔کابینہ کو بتایا گیا کہ ابتک کابینہ کے 93اجلاسوں میں1759 فیصلے کیے گئے ۔ ان میں سے 1589(90.3فیصد) پر عملدرآمد ہو چکا ، 46فیصلوں پر کام ہو رہا ہے جبکہ 28فیصلے تاخیر کا شکار ہوئے ۔ کابینہ کو تاخیر کا شکار ہونے والے فیصلوں کی وجوہات سے آگاہ کیا گیا۔ حج فنڈ او ر پنشن فنڈ کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے لائحہ عمل آئندہ پندرہ روز میں کابینہ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ کابینہ کو سول ایوی ایشن کے ریگولیٹری اور انتظامی ذمہ داریوں کو علیحدہ کرنے کے حوالے سے پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی ۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ مختلف غیر ممالک میں کل 11376 پاکستانی جیلوں میں قید ہیں۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تمام سفارتخانے بیرون ملک قید پاکستانیوں کو ریلیف فراہم کرنے کو اولین ترجیح کے طور پر لیں اور جن قیدیوں کو پاکستان واپس بھیجا جا سکتا ہے تواپنی کوشش کریں اور وفاقی حکومت کو آگاہ کریں ۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ مختلف وزارتوں کے زیر انتظام سی ای اوز، مینجنگ ڈائریکٹرز اور دیگر سربراہوں کی100 اسامیاں خالی ہیں۔ ان میں سے 31 کیلئے اشتہار دیا جا چکا ۔وزیرِ اعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ ان اسامیوں کو پر کرنے کا عمل جلد مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہااپوزیشن ملک کو بے یقینی کا شکار بنا رہی ہے ،ان کا مقصد پاکستان کی بہتری نہیں ہے ۔اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈاہے نہ متبادل پلان۔اپوزیشن کی کوشش ہے حکومت ناکام ہوجائے اوریہ لوگ مقدمات سے بچ جائیں ۔اپوزیشن عمران خان کیساتھ موازانہ کرناچھوڑدے ۔جب بھی ملک پرمشکل وقت آیایہ لوگ سب کچھ چھوڑکربھاگ گئے ۔ایسے مافیا کا مقابلہ کررہے ہیں جن کے بلاول بھٹو،احسن اقبال نمائندے رہے ۔ احسن اقبال درباری کاکردارنبھارہے ۔یہ ایسے لیڈر کا دفاع کررہے ہیں جو ملک سے بھاگا اور ملک کو کھوکھلا کیا۔ احسن اقبال نے نارووال میں جو منصوبہ بنایا اس میں گھپلوں کی خبریں آرہی ہیں۔ کورونا وبا پوری دنیا میں آئی ، پاکستان نے اسے بہترین انداز میں ہینڈل کیا۔بڑے بڑے ممالک کی معیشت کورونا کے باعث بیٹھ گئی ۔بھارت جو بہت اتراتا تھا اس کی معیشت تو بالکل ہی بیٹھ گئی ہے ۔ ہمارے بہترین اقدامات کی وجہ سے ہمارے پاسپورٹ کو بہتری ملی، ہم انشااللہ پاکستان کو بدل کررہیں گے ۔شبلی فراز نے کہا کوشش یہی ہے عوام کو سستی سے سستی چینی ملے ۔ وزیر اعظم کو کوئی خطرہ نہیں اور ہماری حکومت مضبوط ہے ۔اسلام آباد ائیرپورٹ کی زمین پر کوئی قبضہ نہیں ہوا ۔ریڈیوپاکستان میں فراڈکیخلاف سخت کارروائی ہو گی ۔