اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،نمائندہ 92 نیوز) وفاقی کابینہ میں براڈ شیٹ کے معاملے پر تحقیقات کے لیے کمیٹی بنانے کی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا گیاکہ کمیٹی کی سربراہی سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج کریں گے ،وفاقی کابینہ نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کے سیکنڈ شیڈول کے تحت یورو بانڈز،انٹرنیشنل سکوک کے لین دین اور چائنہ کی مارکیٹ میں جاری کئے گئے پانڈا بانڈز سے حاصل شدہ منافع پر ٹیکس چھوٹ کی منظوری دی۔وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمرنے وفاقی ادارہ شماریات کے سروے کی بنیاد پر کورونا وبا کے اثرات کے نتائج پر بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ وزیراعظم نے کمزور اور غریب طبقے کا احساس کرتے ہوئے بروقت فیصلہ سازی کی جس کے مثبت سماجی اور معاشی نتائج حاصل ہورہے ہیں۔ وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کورونا وبا کے پاکستان اور دوسرے ممالک کی معیشت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کا تقابلی جائزہ پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے کمزور اور سب سے زیادہ متاثر ہونے والے طبقات کو مد نظر رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن کے حوالے سے ایک متوازن حکمت عملی اپنائی جس کا محور غریب او ر دیہاڑی دار طبقہ تھا۔ اگر ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کردیا جاتا تو اس کے بھیانک نتائج مرتب ہوسکتے تھے ۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی معیشت کے حوالے سے کٹھن فیصلے کرنا پڑے جس کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی پر اثر پڑا۔ اللہ کا شکر ہے کہ کورونا کیسز میں کمی آنا شروع ہوئی اور ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ وفاقی کابینہ کو براڈ شیٹ کے معاملے پر بریفنگ دی گئی۔ اس ضمن میں تحقیقات کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس کی سربراہی سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج کریں گے ۔ وفاقی کابینہ کو گذشتہ 6ماہ میں سول سروس اصلاحات کے اقدامات پر مفصل بریفنگ دی گئی ۔وفاقی کابینہ نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کے سیکنڈ شیڈول کے تحت یورو بانڈز،حکومت کی میڈیم ٹرم نوٹس کے تحت جاری کئے گئے انٹرنیشنل سکوک کے لین دین اور چائنہ کی مارکیٹ میں جاری کئے گئے پانڈا بانڈزسے حاصل شدہ منافع پر ٹیکس چھوٹ کی منظوری دی۔وفاقی کابینہ نے پبلک سیکٹر کمپنیز (کارپوریٹ گورننس) رولز 2013ء کے تحت علی مہد ی کی بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ لمیٹڈ تقرری کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے زیر انتظام تمام درجوں کی ملازمت پر پاکستان ایسینشنل سروسز (مینٹینس) ایکٹ 1952 ء کے اطلاق میں 6ماہ تک توسیع کی منظوری دی۔کابینہ نے پاور ڈویژن کے تحت تشکیل شدہ کور کمیٹی کے ممبران کو رینٹل پاور پروجیکٹ میں تحقیقات کی روشنی میں ملک کو بڑے مالی نقصان سے بچانے کے حوالے سے خدمات پر مالی ایوارڈ دینے کی منظوری دی۔دریں اثنا وزیر اعظم کی صدارت میں کورونا ویکسین کے حصول کے حوالے سے قائم کابینہ کی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزرا محمد حماد اظہر، اسد عمر، معاونین خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثانیہ نشتر شریک تھے ۔وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ منظور شدہ دو ویکسینز کی حصولی کے لئے اقدامات جاری ہیں اور اس سال کی پہلی سہ ماہی میں ویکسینز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔وزیراعظم عمران خان نے منظور شدہ ویکسینز کے حصول اور فراہمی کے حوالے سے اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایات دیں۔دریں اثنا وزیراعظم سے وزیرداخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی اور اپوزیشن کے احتجاج اور امن وامان کیلئے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی۔ادھروزیراعظم آج جنوبی وزیرستان کا دورہ کریں گے ۔ دورے کے دوران عمران خان ہیڈکوارٹر وانا اور مولے خان سرائے جائیں گے ۔ وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، قبائلی مشران کے ساتھ ملاقاتیں بھی کریں گے ۔