اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے جس میں 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائیگا۔ ایجنڈا کے مطابق بلوچستان میں واپڈا کی طرف سے 80 ارب روپے لاگت سے گزشتہ 15 سال سے زیر تعمیر کچھی کینال میں اربوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات ایف آئی اے سے نیب کو منتقل کرنے پر غور کیا جائیگا۔ایجنڈا کے مطابق اجلاس میں ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس جاری کرنے پر غور کیا جائیگا،وزارت داخلہ کی غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی سمری ،متروکہ املاک وقف بورڈ کی ٹاسک فورس کی سفارشات،شہروں میں متروکہ املاک وقف بورڈ کی املاک کو تعلیم صحت اور سماجی کاموں میں استعمال میں لانے کیلئے قانون میں ترمیم،ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں ٹیلی کام کی جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے انفراسٹرکچر بچھانے اورنادرا کو عالمی غیر سرکاری تنظیم آئی ایم او کیساتھ تعاون کے معاہدے کرنے کی منظوری دی جائیگی۔وفاقی کابینہ سرکاری کمپنی سنٹرل پاور پرچیز کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو تعینات کرنے کی منظوری دیگی ۔وفاقی کابینہ کابینہ کی توانائی کی کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کریگی۔