اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ)مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر پی ٹی آئی تقسیم ہوگئی۔ وفاقی کابینہ کے ارکان کی اکثریت نے نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کر دی۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ارکان کی رائے ہے کہ ای سی ایل سے نواز شریف کا نام نکالنے سے پی ٹی آئی کو سیاسی نقصان ہوگا،اسیر سیاسی رہنمائوں کو ملک میں ہی طبی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں۔دوسری طرف وفاقی وزرا نے تجویز دی ہے کہ حکومت نوازشریف کانام ای سی ایل سے نکالنے کا الزام اپنے سر نہ لے ،ای سی ایل میں نام جیسے شامل ہوتا ہے ،نکالنے کے لئے بھی وہی طریقہ کار اختیار کیا جائے ۔بعض وزرانے خدشات کا اظہار کیا کہ نواز شریف کا نام نکلنے کی بعد مریم نواز کو باہر جانے کی اجازت دینے کا چیلنج بھی درپیش ہوسکتا ہے ۔کابینہ ارکان کی تقسیم کے باعث نواز شریف کا نام نکالنے کا معاملہ کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں بھی تاحال شامل نہیں کیا جا سکا۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر حکومت کو دبائو میں لانے کی کوشش کر رہی ہے ۔