فرانس پاکستان کو 5کروڑ یورو کا آسان اقساط پر قرض اور 2لاکھ یورو کی گرانٹس فراہم کرے گا۔ یہ قرضہ اور گرانٹ درگئی اور چترال ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے لئے فراہم کی جائے گی۔ پاکستان جسں معاشی بحران سے گزر رہا ہے اس میں مختلف ممالک کی طرف سے قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں جس کا مقصد بحران پر قابو پا کر پاکستان کی معاشی مشکلات کو دور کرنا ہے۔ فرانس 2016ء سے لے کر اب تک ساڑھے 31کروڑ یورو پاکستان کو دے چکا ہے ۔اب بھی اس کی طرف سے مدد کی جا رہی ہے جو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی بہتری کا عکاس ہے۔ ماضی میں مسلم لیگ ن دوسرے شہروں میں ترقیاتی کام کروانے کیلئے منصوبوں کے نام پر دوست ممالک سے قرض حاصل کرتی تھی لیکن وہ سارا پیسہ یا تو کرپشن اور کک بیکس کی نذرہوجاتا تھا یا پھر چپکے سے اس پیسے کو لاہور منتقل کر دیا جاتا تھا اور ان علاقوں میں ویسے ہی پسماندگی ڈیرے ڈالے رکھتی تھی۔ شریف خاندان کے اقتدار سے الگ ہونے پرکرپشن اور لوٹ مار کی ہوشربا داستانیں سامنے آ رہی ہیں۔ زلزلہ زدگان کے پیسے کو بھی نہیں بخشا گیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ موجودہ حکومت قرض کے پیسے کو ملک و قوم کی امانت سمجھ کر خرچ کرے اور اس بات کو لازمی بنایا جائے کہ جس علاقے اور مقصد کے لئے غیر ملکی پیسہ آئے اس کو اسی علاقے اور منصوبے پر خرچ کیا جائے۔ جس سے نہ صرف پیسے دینے والا ملک مطمئن ہو گا بلکہ ان علاقوں سے پسماندگی اور غربت کا خاتمہ بھی ہوسکے گا۔