لاہور،اسلام آباد،کراچی ،ملتان، شکر گڑھ، چیچہ وطنی،اوکاڑہ(کامرس رپورٹر،لیڈی رپورٹر، نمائند گان، مانیٹرنگ ڈیسک)پٹرول کی قلت کا مسئلہ طول پکڑ گیا،بحران سنگین ہونے پر مسابقتی کمیشن نے بھی نوٹس لے لیا جبکہ پی ایس او نے ہائی اوکٹین مزید 10روپے سستا کردیا ۔تفصیل کے مطابق ملک بھر کے بیشتر پٹرول پمپس پر پٹرول نایاب ہونے سے فروخت بند کر دی گئی جبکہ بیشتر پمپس پر لمبی لائنیں لگی رہیں اور وہاں بھی مخصوص حد سے زیادہ پٹرول نہیں مل رہا جس وجہ سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہوگئے ۔پٹرول سستا ہوئے 4 روز گزرنے کے باوجود بھی پٹرول کی قلت کا مسئلہ حل نہیں ہوا،لاہور میں مغلپورہ، تاجپورہ سکیم، جوہر ٹاون، بند روڈ،گلشن راوی، ٹھوکر،شمالی لاہور،فیصل ٹائون، شاہدرہ سمیت متعدد علاقوں میں پٹرول پمپس بند ہوگئے ۔دوسری جانب نجی پٹرول پمپس سپلائی نہ آنے کے باعث بند ہو گئے اورپاکستان سٹیٹ آئل کے پمپس پر رش بڑھ گیا۔ ادھر پی ایس اونے ہائی اوکٹین کی قیمت میں مزید10روپے فی لٹرکمی کااعلان کردیا،ترجمان پی ایس اوکے مطابق ہائی اوکٹین کی قیمت میں مزید10روپے فی لٹرکمی کردی گئی اس سے قبل پی ایس اونے ہائی اوکٹین کی قیمت میں 5روپے فی لٹرکمی کی تھی۔قبل ازیں اوگرا نے بتایا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی خاطر خواہ ذخائر موجود ہیں۔ترجمان اوگرا کا کہنا ہے کہ وزارت توانائی اور اوگرا ریٹل آٹ لیٹس تک سپلائی یقینی بنارہے ہیں۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مصنوعات کی درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کر دی ہے ۔وزیراعظم کے نوٹس اور اوگرا کے شوکاز سے بھی پٹرول کی دستیابی ممکن نہیں ہوسکی ۔کراچی میں بھی شہریوں کو پٹرول کے حصول کیلئے کئی کئی پمپس کے چکر لگانے پڑرہے ہیں لیکن پٹرول پھر بھی نہیں مل رہا۔چیچہ وطنی ،اوکاڑہ ،شکر گڑھ سمیت متعدد علاقوں سے بھی پٹرول نایاب ہوگیا۔دوسری طرف مسابقتی کمیشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قلت کانوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کافیصلہ کرلیا،مسابقتی کمیشن نے خدشے کااظہارکیا کہ کہیں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کسی مسابقتی سرگرمی کی خلاف ورزی کانتیجہ تونہیں؟اس بات کی بھی تحقیقات کی جائینگی کہ جب حکومت نے قیمتیں کم کیں توعوام کوریلیف ملناچاہئے تھاجونہیں ملا،یہ مبینہ طورپرکچھ کمپنیوں کاگٹھ جوڑلگ رہاہے ،ذخیرہ اندوزی کی جارہی ہے ۔ جہلم ،چکوال،فتح جنگ ،حضرو ،اٹک میں بھی پٹرول کی شدید قلت رہی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرناپڑا۔