اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پرعمران خان نے اپنی کابینہ کا محمد بن سلمان سے تعارف کرایا جبکہ بعد میں سعودی ولی عہد نے اپنے ہمراہ آنے والے وفد کا عمران خان سے تعارف کرایا۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا لگایا، ولی عہد کی پاکستان آمد کے موقع پر قافلوں میں 4طیارے شامل تھے ، سب سے پہلے خصوصی طیارے میں وزیر خارجہ عادل الجبیر پاکستان پہنچے ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا، اس کے بعد سعودی سرمایہ کاروں اورکاروباری شخصیات کا طیارہ پاکستان پہنچا، سعودی ولی عہد کا طیارہ سب سے بعد میں پاکستان پہنچا۔ادھر ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری ٹویٹ کے مطابق سعودی ولی عہد کو نشان پاکستان آج ایوان صد ر میں تقریب میں دیا جائے گا۔