مردان(نمائندہ 92 نیوز،صباح نیوز ) جمعیت علما اسلام کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد حکومت نہیں پاکستان کے مہمان،جعلی حکمرانوں کو ہٹا کر دم لینگے ، ناموس رسالت پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی بیرونی دبا ئوپر کئے جانے والے فیصلے قبول کئے جائیں گے ۔وہ مردان میں تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ سے خطاب کر رہے تھے ۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بیرونی دبا ئوپر پاکستان میں نظریاتی سیاست ختم کرنے کے لئے سازشیں کی جارہی ہیں۔ افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مزید کہا کہ حکومت کے ابھی چھ ماہ بھی نہیں ہوئے اور لوگوں کی امیدیں خاک میں مل گئی ہیں، مہنگائی 200 فیصد بڑھ گئی ہے ،معاشی مستقبل دائو پر لگا دیا گیاہے ۔صباح نیوز کے مطابق فضل الرحمن نے کہا کہ موجودہ نااہل حکمرانوں کی موجودگی ملک کو نقصان میں دھکیلنے کے مترادف ہے ، ہم ایسے نااہل اور جعلی حکمرانوں کو اقتدار سے ہٹا کر دم لیں گے ، بھارتی دھمکیوں سے مرعوب ہونے والے نہیں ۔ہم اس ملک کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔فضل الرحمن نے کہا کہ نیازی نصب شدہ وزیراعظم ہے ،سعودی ولی عہد پاکستان کے مہمان ہیں، حکومت کے نہیں ۔مردان کی سرزمین پر شمع رسالت کے پروانوں کو اس عظیم الشان ملین مارچ کے کامیاب انعقاد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔