کراچی ( سپورٹس رپورٹر)تنظیم سپورٹس فٹبال کلب کے زیراہتمام یوسی 31کہکشاں کے تعاون سے گذری پلے گراؤنڈ میں جاری آل کراچی ولی محمد یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں آل برادرز ملیر نے خیبر مسلم کو ہراکر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پہلے سیمی فائنل میں آل برادرز ملیر نے ایک سخت مقابلے کے بعد ویسٹ کی خیبر مسلم بلدیہ ٹاؤن کو پنالٹی ککس پر3-0 سے شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کی۔فاتح ٹیم کے گول کیپر جنید نے تین پنالٹی ککس روک پر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔گذری پلے گراؤنڈ میں پہلے سیمی فائنل میں آل برادرز ملیر کا سامنا ویسٹ کی خیبر مسلم سے ہوا۔ جس میں دونوں ٹیموں نے کھیل کے آغاز سے ہی ایک دوسرے کے گول پر تابڑ توڑ حملے شروع کردیئے ۔ پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم برتری حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی اور مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں آل برادرز اور خیبر مسلم کے فاروڈز کو گول کرنے نصف درجن مواقع ملے لیکن جلدبازی اور فنشنگ کے فقدان کے باعث کوئی بھی ٹیم مقررہ وقت میں برتری حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پنالٹی ککس دیں گئیں جس میں آل برادرز کی جانب سے گول کیپر جنید نے تین پنالٹی ککس کو روک پر اپنی ٹیم کو3-0کے اسکور سے کامیابی دلوادی کر فائنل میں پہنچ دیا۔ خیبر مسلم کی طرف سے مسلسل تین پنالٹی ککس ضائع ہونے کے بعد ان کی ٹیم کی فائنل میں کھیلنے کی امیدیں دم توڑگئیں۔فائنل کل اتوار 22جولائی کو شام ساڑھے چار بجے شیڈول ہے ۔ میچ کے ریفری جاوید بنگش، اسسٹنٹ ریفریز، عبدالباقی، مختیار، آصف خان،میچ کمشنر حفیظ بروہی ،محمود علی خان مودی اور میڈیا کوآرڈینیٹر محمد سلیم سماء تھے ۔