اسلام آباد، لاہور(خبر نگارخصوصی،این این آئی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے اسرائیل کے بے رحمانہ اور انسانیت سوزمظالم ناقابل قبول ہیں، امت مسلمہ کو مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑے ہو جانا چاہئے ۔دیر میں مختلف وفود اور ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہافلسطین ایشو پر غیروں سے زیادہ اپنوں نے نقصان پہنچایا،قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ ہمیشہ فلسطین کی آزادی کے لیے آواز اٹھاتے رہے ،قائد اعظم نے اس درد کو جس کرب کے ساتھ محسوس کیا آج ہم اس کے احساس سے ہی محروم ہوگئے اور یہی ہماری اصل ناکامی ہے ،قائد اعظمؒ نے فلسطین میں اسرائیل کے قیام کی ہر طرح سے مخالفت کی تھی، آج بھی ہماری حکومت کو قائد اعظم کی پالیسی پر عمل در آمد کی ضرورت ہے ۔سراج الحق نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعہ 21 مئی ملک بھر میں قوم سے احتجاجی مظاہروں کی اپیل کرتے ہوئے کہا فلسطین میں روزانہ انسانی المیہ جنم لے رہا ہے لیکن اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے امریکی ویورپی علمبردار بہرے اور گونگے بنے ہوئے ہیں، دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والا ظلم ان کو نظر آتا ہے نہ ہی بچوں اور عورتوں کی سسکیاں سنائی دیتی ہیں،فلسطین پر حملے تاریخ کی بد ترین دہشت گردی ہے ،مسلم حکمران بیانات اور ٹویٹ سے آگے بڑھ کر غزہ کے شہریوں کی جان و مال عزت اور آبرو کے تحفظ کے لیے لائحہ عمل مرتب کریں۔سراج الحق نے کہا کہ فلسطین کے حوالے سے پوری قوم ایک پیج پر ہے ، پاکستان فلسطین کے حوالے سے موجودہ حالات میں خود لیڈ کرے ۔ او آئی سی کے اجلاس میں واضح اور دو ٹوک موقف اپنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں پر ظلم کے خلاف جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم پر ملک بھر میں مظاہرے ہونگے جس میں عوام بھر پور شریک ہو کر پوری دنیا کو ایک پیغام دیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق 21 مئی بروز جمعہ اسلام آباد میں ایک بڑے مظاہرے کی قیادت کریں گے ۔