اسلام آباد ( اے پی پی ) پاکستان سمیت بھردنیا بھر میں اقوام متحدہ کی 75 ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے ، دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ یوم اقوام متحدہ کی مناسبت سے پروگرام نشر کریں گے ۔ اس پر موقع اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا اقوام متحدہ اب بھی پائیدار امن اور بامقصد تعاون کے حوالہ سے انسانیت کیلئے بہترین امید ہے ،عالمی امن و سلامتی سے پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی تک کے بڑے چیلنجز سے عہدہ برآں ہونے کیلئے تمام رکن ممالک کی جانب سے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے ، پاکستان موجودہ اور آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کے سلسلہ میں مذاکرات، سفارتکاری اور تعاون کی بنیاد پر اقوام متحدہ کے مشن کو فروغ دینے کیلئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے ۔ پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں میں سب سے بڑا اور طویل عرصہ سے حصہ دار ہے ، 1960 سے 2 لاکھ سے زائد ہمارے بہادروں نے 26 ممالک میں 46 مشنز میں خدمات سرانجام دیں۔ ہ 158 پاکستانی امن فوجیوں نے بین الاقوامی امن اور سلامتی کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی اقوام متحدہ کی 75 ویں سالگرہ پر پیغام جاری کیا، وزیر اعظم کے پیغام میں کہا گیا مقبوضہ جموں و کشمیر 445 دنوں سے فوجی محاصرے میں ہے اور کشمیری عوام کو کالے قوانین کے ذریعے ہر قسم کی آزادیوں سے محروم کر دیا گیا ہے ۔ وزیراعظم نے عالمی برادری بالخصوص سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اپنی اخلاقی، قانونی، سیاسی اور سفارتی اتھارٹی کو بروئے کار لاتے ہوئے جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے ۔