لاہور،اسلام آباد(نمائندہ خصوصی سے ، مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی ) جے یو آئی کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ پی ڈی ایم کی تحریک جاری ہے جو نا اہل حکومت کی رخصتی تک جاری رہے گی، پی ڈی ایم نے ایک بار پھر عوام کے پاس جانے کا فیصلہ کیا ہے اور ہم عوامی قوت کے ساتھ آگے بڑھیں گے ہم قانون اور آئین کی بالادستی چاہتے ہیں۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنماؤں محمد ادریس ،حافظ ابوبکر شیخ کے ورثا سے تعزیت کے موقع پر میڈیاسے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ہمارا مقصدجعلی حکومت کوگھر بھیجناہے ،پی ڈی ایم کے کارواں سے الگ ہونے والوں سے ہم یہی کہیں گے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں، ہم ان کی واپسی کے منتظرہیں ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت ناکام ترین حکومت ہے ، عوام کو پریشانیوں کے سوا کچھ نہیں دیا اور ہمارا ہدف یہی حکومت ہے ہم اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ نہیں بنانا چاہتے ہیں ،قوم اور تمام جماعتوں کا ہدف ناجائز اور نا کام حکومت ہے ، حکومت 5دن میں گرے یا 5سال میں ، جدودجہد جاری رہے گی،ہم آئین اور قانون کی پیروی کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مدارس و مساجد پر بیرونی پریشر کسی صورت قابل قبول نہیں ،مدارس دینیہ کے خلاف سازشوں کا تدارک نہ کیا گیا تو ہولنا ک کشیدگی جنم لے گی۔ جمعیت علمائے اسلام(ف) نے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین سے رابطے کا فیصلہ پی ڈی ایم کی قیادت کرے گی، پی ڈی ایم 4 جولائی سے سوات،کراچی اور پھر ڈویڑن سطح پرجلسے کرے گی۔