راجن پور،کوٹ مٹھن،سمہ سٹہ،اسلام آباد،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگار،سٹاف رپورٹر ،صباح نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف نے کہاہے کہ حکومت مہنگائی ، کرپشن اورنااہلی کی بجلی بن کر قوم پر گری جبکہ حمزہ شہباز شریف نے کہاہے کہ حکمرانوں کو اب حساب دینا ہوگا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عوا م پر بجلی ، گیس ، پٹرول مہنگا کرکے مسلسل بجلیاں گرائی جارہی ہیں۔ا نہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے آنے سے قوم کیلئے صرف برے دن ہی آئے ۔مہنگائی کا قہر برساتا سورج حکومت کے خاتمے سے ہی غروب ہوگا۔ دریں اثنا راجن پور اور کوٹ مٹھن میں مسلم لیگ ن ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنماء اورپنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت نے جھوٹے وعدے کئے ،نوجوانوں سے روٹی چھینی ، اب حساب ہوگا۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ اللہ نے موقع دیا تو دن رات محنت کرکے کسانوں کی ترقی کے لیے خود کو وقف کردیں گے ۔ حکومت نے جھوٹ بولنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔بجلی 23روپے یونٹ دی جارہی ، 12بار ادویات کی قیمتیں بڑھائی گئیں۔دریں اثنا وزیراعظم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا مسلم لیگ (ن )کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم اپنے تمام اے ٹی ایمز سے استعفیٰ لیں ، عمران خان حکومت میں آنے کے لئے آپ نے قوم کو فیک منصوبوں کا چورن بیچا ۔مسلم لیگ ن پنجاب کے صدررانا ثنااﷲ خان نے وفاقی وزیر داخلہ شیح رشید کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب پاناما لیکس آیا شیخ رشید سب سے پہلے سپریم کورٹ پہنچاتھا۔ عمران خان پہلے قوم سے بددعائیں لے رہے ہیں اب شہدا کی مائوں سے بھی بددعائیں لیں گے ۔