لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام ڈومیسٹک کرکٹرز اور کوچز کے کنٹریکٹ میں ایک ماہ کی توسیع کردی ہے ۔ 30 جون کو ختم ہونے والے کنٹریکٹ میں 31 جولائی تک توسیع کی گئی ہے ۔ تمام کھلاڑیوں اور کوچز کا 12 ماہ پر مشتمل آئندہ سالانہ کنٹریکٹ یکم اگست سے شروع ہوگا۔کنٹریکٹس میں توسیع کا فیصلہ شعبہ ہائی پرفارمنس کی جانب سے کیا گیا ہے ۔ شعبہ ہائی پرفارمنس ان دنوں تمام ڈومیسٹک کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہے ۔ یہ عمل آئندہ ماہ کے آغاز میں مکمل ہوجائے گا جس کے بعد 6 صوبائی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے حتمی اسکواڈز کا اعلان جولائی کے آخر میں کردیا جائے گا۔سیزن 20-2019 میں پی سی بی نے 192 ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ کی پیشکش کی تھی جس میں سے 186 کھلاڑیوں نے کنٹریکٹ قبول کرلئے تھے جبکہ چھ کھلاڑی سنٹرل کنٹریکٹ سائن کئے بغیر کھیلے ۔