لاہور،ملتان، فیصل آباد(کامرس رپورٹر،سٹاف رپورٹر،92نیوزرپورٹ)ویلڈن شاہینو!وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ کیویز کو شکست دے کر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے آج پھر قوم کو خوش کر دیا۔قوم کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والے کھلاڑی ہمارے ہیرو ہیں۔ بھارت کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست دے کر قومی کرکٹ ٹیم نے اپنی برتری برقرار رکھی۔ دریں اثنا ملتان میں ٹینک چوک پر کورونا ویکسی نیشن موبائل سنٹر کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کرانا چاہتے ہیں،اپوزیشن پریشان نہ ہو،حکومت مضبوط ہے ۔عوام کے مسائل اور مشکلات کا مکمل احساس ہے ۔ وزیر اعظم جلد عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلئے پیکیج کا اعلان کرینگے ،تعلیم و صحت اور دیگر محکموں کی70 ہزار خالی اسامیاں مکمل کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونانے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا۔ جلد بہاولپور اور ملتان کا تفصیلی دورہ کرکے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی کا جائزہ لوں گا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے فیصل آباد کا 6 گھنٹے طویل دورہ کیا اور سیرینا ہوٹل فیصل آباد میں تقریبا 9ارب روپے کے 81 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا اور بے آسرا بچوں کیلئے سہولتو ں کا جائزہ لیااورانتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے بچوں کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ کمپیوٹر لیب کا بھی افتتاح کیا اور لیب کا دورہ کیااورمقیم بچوں سے ملاقات کی اور ان سے شفقت کا اظہار کیا۔بعد ازاں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت سرینا ہوٹل میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں فیصل آباد کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے فیصل آباد میں تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز، گڈ گورننس کمیٹی کے اراکین، وکلاء ونگ اور یوتھ ونگ کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔دریں اثنا ڈی پی او سیالکوٹ عاطف نذیر کے والد انتقال پرتعزیتی پیغام میں عاطف نذیر اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔ علاوہ ازیں انہوں نے کشمیرمیں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیا ہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بدل کر مودی سرکار نے اخلاقی، سفارتی حدود کو پار اور سیاسی قوانین کو پامال کیا۔