لاہور(وقائع نگار،ایجنسیاں ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں ون مین شو کے منفی کلچر کا خاتمہ کیا ہے ، اب سب کام اور فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں۔وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے افسران کی تعیناتی پر مبارکباد دی، اراکین اسمبلی کے وفد نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے افسران کی تعیناتی سردار عثمان بزدار حکومت کا تاریخی اقدام ہے ، پنجاب کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کردیا گیا ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وسائل کی کمی ہمارے عزم کی راہ میں حائل نہیں ہوسکتی، پنجاب کے زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ملاقات کرنے والوں میں چیف وہپ قومی اسمبلی عامر ڈوگر، شوکت علی بھٹی، نواب شیر وسیر اور حاجی امتیاز شامل تھے ۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت بھی اس موقع پر موجود تھے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ سے وفاقی وزیر صنعت و پیداوارحماد اظہر نے ملاقات کی اورفلاح عامہ کے منصوبوں،حلقے کے مسائل اورصنعتی عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کے منصوبوں پر تیزی سے کام ہورہا ہے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کااجلاس ہوا جس میں بورڈ آ ف ریونیو میں اصلاحات کے لئے مجوزہ اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔سینئر ممبر بورڈآف ریونیو نے محکمے میں اصلاحات اوراراضی سنٹرز کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے بریفنگ دی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریونیو کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے بنیادی اصلاحات کی جائیں گی۔ریونیو کا ایسا نظام وضع کیاجائے گا جس سے عوام کو سہولت ملے ۔وزیراعلیٰ نے بورڈ آ ف ریونیو میں اصلاحات کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کمیٹی کے سربراہ ہوں گے ۔ کمیٹی 7روز میں بنیادی اصلاحات کے حوالے سے حتمی سفارشات پیش کرے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں فیصلے کئے جائیں گے ۔ ماضی کے حکمرانوں نے پٹوار کلچر کے خا تمے کے خالی نعرے لگائے اورسابق دور میں پٹوار کلچر کے خا تمے کے لئے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھا یا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے موبائل اراضی سنٹرز کو جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں انہوں نے ایل اوسی پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیز فائرنگ کی شدید مذمت کی اور نکیال سیکٹر میں بچوں،خواتین سمیت 5زخمی افراد کی صحتیابی کیلئے دعاکی۔