لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ کیلئے اظہر علی اور ٹی 20 میں بابر اعظم کو کپتان مقرر کر دیا ہے جبکہ دونوں فارمیٹ کے نائب کپتان مقرر کرنے کا مرحلہ ابھی باقی ہے ۔دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹونٹی کے بعد ون ڈے ٹیم کی قیادت بھی بابر اعظم کے سپرد کرنے پر غور شروع کر دیا ہے ۔پی سی بی کے مطابق آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے ٹیسٹ اور ٹی 20 سکواڈز کا اعلان کل کیا جائے گااور امکان ہے کہ ٹیموں کے اعلان کے ساتھ ہی نائب کپتانوں کا اعلان بھی کردیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے بابر اعظم کو ٹیسٹ اور محمد رضوان کو ٹی 20 کا نائب کپتان مقرر کئے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی 20 کے کپتان بابراعظم کو مستقبل کے منصوبے کے تحت ٹیسٹ سکواڈ کا نائب کپتان مقرر کیا جائے گا جبکہ ون ڈے ٹیم کی قیادت بھی بابر اعظم کو دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے تاہم، ون ڈے کپتان کا اعلان آئندہ برس ہالینڈ کے خلاف سیریز سے قبل کیا جائے گا۔وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو بھی مستقبل کیلئے قائدانہ صلاحیتیں نکھارنے کیلئے ذمہ داری سونپی جا رہی ہے ۔ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے اظہر علی کے ساتھ مشاورت کا آغاز کر دیا ہے اور بابر اعظم بھی نیشنل ٹی 20کپ میں وقفے کی وجہ سے لاہور میں موجود ہیں۔