تیونس سٹی(92 نیوز رپورٹ)تیونس کے صدر قیس سعید نے مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں پھوٹنے والے ہنگاموں کے بعد وزیراعظم ہشام مشیشی کو عہدے سے برطرف اور اسمبلی کو ایک ماہ کے لیے معطل کردیا ۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تیونس میں کورونا وبا سے نمٹنے اور مہنگامی پر قابو پانے میں ناکامی پر پرتشدد عوامی مظاہروں نے طول پکڑ لیا جس کے بعد صدر قیس سعید نے ایک اہم ہنگامی اجلاس میں وزیراعظم کو برطرف اور اسمبلی معطل کرنے کا فیصلہ کیا، صدارتی ہائوس سے جاری بیان میں صدر قیس سعید نے کہا سیاسی اور اقتصادی بحران کے باعث ایسا کرنا ناگزیر ہوگیا تھا، فیصلے کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کو خبردار کرتا ہوں کہ جو بھی گولی چلائے گا مسلح افواج اسے گولیوں سے جواب دے گی۔