اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،آن لائن)جج ویڈیو سکینڈل کے مرکزی کردار ناصر بٹ کے گھر پر ایف آئی اے انسداد دہشتگردی ونگ نے چھاپہ مارکرغیر قانونی اسلحہ،سی ڈیز اوردیگر دستاویزات برآمدکرلیں،میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز ایف آئی اے کے انسداد دہشتگردی ونگ نے اسلام آباد کے سیکٹر جی13 میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مارا ،مذکورہ مکان احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک ویڈیو بلیک میلنگ سکینڈل کے مرکزی کردار ناصر بٹ نے کرائے پر حاصل کر رکھا تھا۔ایف آئی اے انسداد دہشتگردی ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اسلحہ،سی ڈیز اور متعدد دستاویزات برآمد کرلیں۔ناصر بٹ کے مکان پر چھاپہ جج ویڈیو سکینڈل میں تحقیقات کو آگے بڑھانے کیلئے ماراگیا ۔ناصر بٹ برطانیہ میں مقیم ہیں۔ ایف آئی اے کے چھاپے کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔ دریں اثنا اسلام آباد ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کے ویڈیو سکینڈل میں گرفتارمرکزی ملزم ناصر بٹ کی فیملی کو ہراساں کرنے سے روکنے کا تحریری حکم ایف آئی اے کو ارسال کردیا۔ رجسٹرار آفس کی طرف سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کی کاپی ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اعجاز احمد شیخ کو دی جائے جو جج ویڈیو سکینڈل میں ایف آئی اے کے تفتیشی افسر ہیں۔