کراچی (سٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کی بدعنوانی ریفرنس میں نامزد سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کو ضمانت پر ریا کردیا، عدالت نے 50 لاکھ کے عوض ضمانت منظور کرلی ہے اور شرجیل میمن کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا ہے ۔اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ نے 2 بار شرجیل انعام میمن کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی ۔منگل کوجسٹس کریم خان آغا اور جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔ عدالت نے شرجیل میمن کو اس مقدمے میں جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا۔اس سے پہلے چیف جسٹس احمد علی شیخ اور جسٹس کے کے آغا نے شرجیل میمن کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی ۔نیب کے مطابق شرجیل میمن سیکرٹری انفارمیشن ذوالفقار شلوانی سمیت دیگر پر 5 ارب 76 کروڑ روپے کرپشن کا الزام ہے ۔شرجیل میمن نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور کرپشن کی۔ شرجیل میمن 2017 سے جیل میں ہیں اتنے عرصے میں شرجیل میمن کے خلاف 50 گواہوں میں سے صرف 3 گواہوں نے بیان قلمبند کرایا ہے ۔ شرجیل میمن پر اشتہارات مہنگے دینے کے ریفرنس میں 17 ملزمان نامزد ہیں۔ریفرنس میں سابق سیکرٹری انفارمیشن ذوالفقار شلوانی سمیت 13 ملزمان جیل میں ہیں۔دریں اثنا احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پرشرجیل انعام میمن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اﷲ کا شکر ہے اکیس ماہ جیل میں بند رہا اور قانونی جنگ لڑی ۔مجھے عدالتوں پریقین ہے نیب والے جب بلائیں گے جائوں گا۔